لاہور(پنجاب پوسٹ)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے چھٹی بار التوا کو جمہوریت پر ڈاکہ زنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے حقوق غصب کرنے کے مترادف ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کی معطلی نے ثابت کر دیا ہے کہ الیکشن کمیشن حکومتوں اور انتظامیہ کے رحم و کرم پر ہے۔ ان کے مطابق حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ نے کبھی بھی الیکشن کمیشن کو بااختیار بننے نہیں دیا، جس کے باعث یہ ادارہ آزادانہ طور پر اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ سیاسی اور ریاستی قوتیں بااختیار بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی طویل عرصے سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے عوام اپنے بنیادی شہری حقوق سے محروم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے بھی اپنے اپنے دورِ اقتدار میں بلدیاتی نظام کے ساتھ کھلواڑ کیا اور اسے مضبوط بنانے کے بجائے اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات فوری طور پر کرائے جائیں اور مقامی حکومتوں کو حقیقی اختیارات دیے جائیں تاکہ عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہو سکیں۔











