لاہور(پنجاب پوسٹ) ایل ڈی اے کے زیر انتظام مینار پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں ہراسگی اور نامناسب رویے کا معاملہ سامنے آ گیا ہے۔ کمپلیکس کی ایک خاتون ممبر نے ہراسگی، مالی بدعنوانی اور رشوت کے الزامات پر مبنی تحریری درخواست جمع کروا دی ہے، جس میں اسسٹنٹ مینجر اور لیڈیز جم کوچ کو نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی اسپورٹس، ڈی جی ایل ڈی اے اور سیکرٹری چیف انجینئر کو ارسال کی گئی ہے۔ درخواست گزار خاتون کے مطابق اسسٹنٹ مینجر مینار پاکستان اسپورٹس کمپلیکس محمد ارسلان اور لیڈیز جم کوچ گزشتہ دو ہفتوں سے انہیں ہراساں کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ بدتمیزی اور نامناسب رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی گرفتار
خاتون نے مینجر ارسلان پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ 20 ہزار روپے رشوت نہ دینے پر ان کی ممبرشپ منسوخ کر دی گئی۔درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری کی جائے اور الزامات ثابت ہونے پر دونوں افسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دوسری جانب، اس معاملے پر موقف جاننے کے لیے اسسٹنٹ مینجر اور ترجمان ایل ڈی اے سے رابطہ کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے کوئی موقف نہیں دیا گیا۔










