لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کے خلاف درخواستوں پر جلد سماعت کے لیے دائر متفرق درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے آفس ہائی کورٹ کو دس روز کے اندر مرکزی کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس سلطان تنویر احمد نے شیخ امتیاز محمود اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے 7 نومبر کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا عندیہ دیا ہے، تاہم انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کروائے جا رہے ہیں۔ درخواستوں میں کہا گیا کہ انتخابات کے لیے بیوروکریسی کو وسیع اختیارات دے دیے گئے ہیں جبکہ فنڈز کی بھی بندر بانٹ کی جا رہی ہے۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا حکم دیا جائے۔













