نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، چوہدری سالک کے بعد ایم پی اے موسیٰ الہی کی بھی سیکورٹی واپس

لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے ایلیٹ فورس کا پروٹوکول واپس لینے کے بعد مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری موسیٰ الٰہی کی پولیس سیکیورٹی بھی واپس لے لی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ردعمل میں واضح کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔

پنجاب پولیس ذرائع کے مطابق چوہدری سالک حسین کو دیا گیا ایلیٹ فورس کا پروٹوکول واپس لے لیا گیا اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو واپسی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کا مستقل پروٹوکول چوہدری سالک حسین سمیت دیگر وفاقی وزرا سے بھی واپس لیا گیا ہے، تاہم وفاقی وزرا کو پنجاب آمد پر عارضی پروٹوکول دیا جائے گا۔ چوہدری سالک حسین نے پروٹوکول کی واپسی کی تصدیق کر دی ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے ق لیگ کے رہنما اور ایم پی اے چوہدری موسیٰ الٰہی کی پولیس سیکیورٹی واپس لیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی واپس لیں یا جو چاہیں کر لیں، نئے صوبے ہر صورت بن کر رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس سیکیورٹی واپس لینے کے بجائے ماڈل ویلج اسکیم اور ستھرا پنجاب میں ہونے والی کرپشن کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی واپس بھی لے لی جائے تو نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، کوئی مسئلہ نہیں، ہم واپس نہیں مانگ رہے، یہ عمل ان کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔سازش کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا کہیں اٹھنا بیٹھنا نہیں جہاں وہ سازش کریں، یہ ان کی Insecurity ہے اور یہ من گھڑت کہانی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ کے دائیں بائیں موجود لوگ ہی انہیں مشورے دیتے ہیں، دو خواتین ہیں جو سارا کچھ چلاتی ہیں اور ان کے ارد گرد کچھ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اسپین بھاگ جانے والوں سے ملایا جا رہا ہے، حالانکہ ان کی ان سے بول چال ہی نہیں۔مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں جواب سننے کی عادت نہیں، پچھلے دو سال میں یہ عادت پڑ گئی ہے کہ جو کوئی ان کے بارے میں بات کرے اسے کچل دو۔

وفاقی حکومت سے اتحاد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب بات ہوئی تھی تو مریم نواز وہاں موجود ہی نہیں تھیں، جن سے بات ہوئی وہ ہلکا سا اشارہ بھی کریں گے تو ہم چھوڑ دیں گے۔
انہوں نے بھری محفل میں "تمہاری تربیت ایسے ماحول میں ہوئی ہے” جیسی بات کہنے پر کہا کہ مریم نواز کو ایسی غیر اخلاقی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

نوٹس کے حوالے سے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اس کا جواب بھی اسی ورژن میں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا: اللہ ایسے تکبر کرنے والوں سے سب کو پناہ میں رکھے، اللہ تعالیٰ سب کا اصلی چہرہ سامنے لے کر آئے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے