چیچہ وطنی(پنجاب پوسٹ) گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے زیر اہتمام مفکر اسلام، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی یاد میں یومِ اقبال نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، اساتذہ، طلبہ اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد بچوں نے نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا۔ بعد ازاں سنٹر کے خصوصی بچوں نے کلامِ اقبال نہایت پُراثر انداز میں پیش کیا، جس پر حاضرین نے بھرپور تالیوں کے ساتھ خوب داد دی اور بچوں کے حوصلے کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں:یومِ اقبال: شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت، مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب
تقریب میں پرنسپل ڈاکٹر عبدالکریم، گورنمنٹ ڈگری کالج کے پرنسپل پروفیسر قاسم علی اعوان، صدر ایس ایم سی رانا خالد محمود اور مقصود احمد سندھو سمیت دیگر معززین نے خصوصی شرکت کی۔ طلبہ کے ساتھ ساتھ ان کے والدین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے اپنے بچوں کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا۔













