لاہور(پنجاب پوسٹ) فیول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اب ڈرائیونگ سیکھنے والوں تک بھی پہنچ گئے ہیں، جہاں ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں فیسوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق سرکاری ڈرائیونگ سنٹرز میں کار کی ڈرائیونگ سیکھنے والوں کو اب 5 ہزار روپے کی بجائے 7 ہزار روپے فیس ادا کرنا ہوگی، جبکہ کمرشل گاڑی کی ڈرائیونگ سیکھنے کی فیس 7 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز میں امیدواروں کو 15 روزہ تربیت فراہم کی جاتی ہے، جس کے بعد ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جاتا ہے اور کامیاب امیدواروں کو لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور میں 12 سمیت پنجاب بھر میں 125 سے زائد سرکاری ڈرائیونگ سکولز قائم ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کی جانب سے فیسوں میں اضافے کی سمری ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کر لی گئی ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ رواں ماہ سے ڈرائیونگ سیکھنے والوں کو نئی فیسوں کے مطابق ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔













