لاہور( پنجاب پوسٹ)ملک بھر میں آئندہ 5 روز کے دوران شدید ہیٹ ویو اور شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران جنوبی اور وسطی علاقوں جبکہ بالائی علاقوں میں 8 سے 10 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں اس دوران غیر معمولی گرمی پڑنے کا امکان ہے اور بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
بالائی پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور قصور شامل ہیں۔
ادھر جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے، جہاں ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال مکمل: کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت سے دیا جائےگا، پاک فوج کا دشمن کو پیغام: پنجاب میں ہیٹ ویو،درجہ حرارت کہاں تک جائے گا؟ محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے کیا مشورے دئیے ہیں؟شہریوں خصوصاً بچوں، خواتین، بزرگوں اور مریضوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور زیادہ پانی کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی فوری امداد کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے جبکہ اسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور موبائل ہیلتھ ٹیموں کو بھی فعال رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز، سر ڈھانپنے، ہلکے کپڑے پہننے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔















