لاہور(پنجاب پوسٹ)پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ جو لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، انہیں موجودہ حالات کی وجہ سے منفی پیغام جا رہا ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کار اپنا پیسہ لے کر ملک سے باہر جا رہے ہیں، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔
انہوں نے حکومت کے طرزِ فیصلہ سازی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے فیصلے کیے جا رہے ہیں، اس طرح پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں آ سکے گی۔اسد عمر نے سیاسی صورتحال کو "عجیب و غریب” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف پیپلز پارٹی، ن لیگ کو فارم 47 کی حکومت کہتی ہے، جبکہ دوسری طرف آصف علی زرداری صدرِ مملکت اور یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ بھی فارم 47 کے ذریعے ہی منتخب ہوئے ہیں۔
چوہدری سالک کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہیں نہ کہیں سب کو معلوم ہے کہ ملک میں عجیب و غریب صورتحال پائی جاتی ہے۔اسد عمر نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو چاہیے کہ شاہ محمود قریشی کو علاج معالجے کی مناسب سہولیات فراہم کرے۔













