اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)وفاقی حکومت نے گوجرانوالہ اور ساہیوال میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور پاکستان رینجرز (پنجاب) کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ داخلہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں اضلاع میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر کی گئی ہے۔ وزارتِ داخلہ نے پاکستان رینجرز (پنجاب) اور پاک فوج کو سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سونپنے کی منظوری دے دی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی 7 نومبر سے 9 نومبر تک ہوگی۔ یہ دستے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-77 (گوجرانوالہ-I) میں تعینات کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی-203 (ساہیوال-VI) کے ضمنی انتخاب کے لیے بھی سیکیورٹی فورسز طلب کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ فوج اور رینجرز کی تعیناتی سیکیورٹی کے دوسرے اور تیسرے درجے پر ہوگی۔ ضمنی انتخابات کے دوران یہ فورسز "کوئیک ری ایکشن فورس” (QRF) موڈ میں رہیں گی، یعنی کسی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے تیار ہوں گی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ اس سے قبل ہی فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے چکی تھی۔ الیکشن کمیشن اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر فورسز کی حتمی تعداد اور تعیناتی کے علاقوں کا تعین کرے گا۔













