پی سی بی کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جدید بائیو میکینکس لیب بنانے کا فیصلہ، 60 کروڑ تک لاگت آئے گی

لاہور(پنجاب پوسٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کی ٹیکنیک اور بائیو میکینکس بہتر بنانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں بائیو میکینکس لیب قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اکیڈمی میں جگہ مختص کرنے کے بعد کام کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

بائیو میکینکس لیب کے ساتھ این سی اے میں ایک جمنیزیم بھی تیار کیا جائے گا، جسے جدید ورزش کی مشینوں اور آلات سے آراستہ کیا جائے گا۔ لیب کے لیے 25 کروڑ روپے مالیت کا کیمرہ اور سافٹ ویئر منگوایا جائے گا۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹر عاقب جاوید کے مطابق پوری لیب کی تکمیل پر 50 سے 60 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

عاقب جاوید نے کہا کہ جو مشینری منگوائی جارہی ہے وہ دنیا کی جدید ترین مشینری ہے۔ ان کے بقول پاکستان اس معاملے میں تھوڑا لیٹ ضرور ہے، مگر وہ دنیا کا پانچواں کرکٹ بورڈ ہے جو بائیو میکینکس لیب تیار کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فاسٹ باؤلنگ، فٹنس اور انسانی مومنٹ کے حوالے سے جو ڈیٹا اب تک پاکستان کے پاس آتا رہا ہے، وہ آسٹریلیا، انگلینڈ یا ساؤتھ آفریقہ کی ریسرچ پر مبنی ہے۔ انڈیا نے بھی بائیو میکینکس لیب بنائی، مگر اسے اس سطح تک نہیں لے جایا جاسکا۔

عاقب جاوید کے مطابق لیب سے صرف این سی اے میں موجود کھلاڑی ہی نہیں بلکہ انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 کے کھلاڑی بھی گزارے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی عمر میں کھلاڑی پر کام کرنا آسان ہوتا ہے، چاہے باؤلنگ ایکشن بہتر کرنا ہو یا بیٹنگ ٹیکنیک پر کام کرنا ہو۔

مقصد یہ ہے کہ انڈر 19 سے نکلنے والے کھلاڑی کی تمام ضروری ٹریننگ مکمل ہو۔انہوں نے مزید بتایا کہ لیب سے حاصل ہونے والے ڈیٹا سے یہ اندازہ ہوگا کہ کھلاڑیوں کی مومنٹ کس طرح کام کرتی ہیں اور کن چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ کام آئندہ ایک سے دو ماہ میں مکمل ہوجائے گا اور لیب آئندہ سال قائم کردی جائے گی۔

عاقب جاوید نے بائیو میکینکس لیب کو پاکستان کرکٹ میں گیم چینجر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت سب سے جدید مشینری منگوائی گئی ہے۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بھرپور سپورٹ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کا یہ ویژن قابلِ ذکر ہے کہ جب تک ڈویلپمنٹ اور سہولیات بہتر نہیں ہوں گی، کرکٹ آگے نہیں بڑھ سکتی۔ ان کے مطابق اس طرح کی جدید ٹیکنالوجی سے ہی مستقبل میں اچھے کرکٹرز تیار کیے جاسکیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے