لاہور (پنجاب پوسٹ) مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس کے قیام کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ شہری شیخ محمد لطیف شاہد نے ایڈووکیٹ احمد عبداللہ ڈوگر کے توسط سے درخواست دائر کی، جس میں وفاقی حکومت اور ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مانگا منڈی کے شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے کے لیے لاہور کے دور دراز دفاتر جانا پڑتا ہے، جس کے باعث مزدوروں، طلبہ، تاجروں اور بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس کا قیام شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پاسپورٹس ایکٹ 1974 اور پاسپورٹ رولز 2022 کے تحت مانگا منڈی کے شہریوں کو پاسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
درخواست گزار کے مطابق انہوں نے 7 مئی 2026 کو بھی پاسپورٹ آفس کے قیام کے لیے متعلقہ حکام کو درخواست دی تھی، تاہم اس پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کو مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔














