لاہور (پنجاب پوسٹ) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام دیوالی کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔جن کے دوران 850 ہندو خاندانوں میں راشن بیگز، مچھر دانیاں، کپڑے اور جوتے بطور تحائف تقسیم کیے گئے۔اس سلسلے میں ٹنڈو الٰہ یار، میرپور، بدین، بہاولپور، گھوٹکی، تھرپارکر، صادق آباد اور کوئٹہ میں تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد، نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ اور ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شنکر لال سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات
تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ پاکستان میں بسنے والے ہندو محب وطن شہری ہیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اقلیتی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی اتحاد اور مثبت روایات کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ متاثرین کیلئے امداد، 66 ممالک کی 401 این جی اوز ، الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کی معترف
انہوں نے کہا کہ جس طرح عیدین کے مواقع پر مستحق خاندانوں میں تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں، اسی طرح دیوالی اور کرسمس کے موقع پر بھی اقلیتی برادریوں کی خوشیوں میں شریک ہوا جاتا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اب تک 50 ہزار سے زائد خاندانوں میں دیوالی اور کرسمس کے تحائف تقسیم کر چکی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر شنکر لال نے ہندو برادری کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور انسانیت کی خدمت کے لیے ادارے کی کاوشوں کو سراہا۔













