لاہور (پنجاب پوسٹ) افرادِ باہم معذوری کے حقوق کا تحفظ اور انہیں روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پنجاب حکومت متحرک، نجی اداروں میں تین فیصد ملازمت کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ
ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم کی زیرِ صدارت اجلاس میں پنجاب ایمپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز ایکٹ 2022ء پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نجی اداروں میں تین فیصد ملازمت کوٹہ، سرکاری و نجی عمارتوں میں قابلِ رسائی سہولیات اور افرادِ باہم معذوری کے حقوق کے تحفظ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کوٹہ پورا نہ کرنے اور مقررہ ایکسیسبلٹی معیار پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کو نوٹسز جاری کرنے اور عدم تعمیل پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کوٹہ کی مانیٹرنگ کے لیے آن لائن پورٹل، ہمت کارڈ پروگرام، بچوں کی ابتدائی تشخیص، نادرا کے ساتھ ڈیجیٹل انضمام اور نجی ٹرانسپورٹ میں پچاس فیصد کرایہ رعایت پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔













