لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح اعلان کیا ہے کہ خواتین کی عزت و تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بیان لوئر مال میں بیوہ خاتون پر مبینہ تشدد اور سر کے بال کاٹنے کے واقعے کے بعد سامنے آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی نند نگینہ اور بہنوئی خرم کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے مدد طلب کی، جس پر لوئر مال پولیس نے فوری رسپانس دیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر تشدد میں ملوث ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ مرکزی ملزمہ نگینہ اور اس کے خاوند خرم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔
متاثرہ خاتون کے مؤقف کے مطابق شوہر کی وفات کو ابھی صرف 40 روز ہی گزرے تھے کہ سسرالیوں نے اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کی نند اور بہنوئی نے تشدد کے دوران اس کے سر کے بال کاٹ دیے۔
متاثرہ خاتون نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ دورانِ عدت اسے تین بچوں سمیت گھر سے نکالنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا دوٹوک مؤقف
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین کی عزت و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین سے تشدد اور بدسلوکی کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خواتین کو تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔














