لاہور (پنجاب پوسٹ) حضرت بابا پیر سید موہلن شاہ سرکارؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر روایتی کھیل کبڈی کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کبڈی کے میدان میں خوب گہما گہمی دیکھنے کو ملی، جہاں پاکستان کے نامور کبڈی کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، پھرتی، طاقت اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے خوب داد وصول کی۔ میدان میں موجود تماشائیوں نے بھی ہر اچھے داؤ اور شاندار کھیل پر کھلاڑیوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ان مقابلوں کا اہتمام رہنما مسلم لیگ (ن) ملک سجاد علی آرائیں کی جانب سے کیا گیا، جن کا مقصد عرس مبارک کے موقع پر علاقے کی ثقافتی روایات اور پنجاب کے قدیمی کھیل کبڈی کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو مثبت تفریحی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا تھا۔












