لاہور (پنجاب پوسٹ) انویسٹی گیشن پولیس نے جوہر ٹاؤن کے علاقے میں لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر انویسٹی گیشن عبداللہ عمران چیمہ کو ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک نجی ٹیکسی کمپنی میں موٹر سائیکل سوار کے طور پر کام کرتا تھا اور اس نے نازیبا حرکات کے ذریعے لڑکی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی تھی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم پولیس کی گرفت میں ہے اور مضبوط چالان مرتب کر کے اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے کارروائی میں شامل پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا۔









