لاہور (پنجاب پوسٹ) کاہنہ کے علاقے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (MCL) کے شعبہ انسورسمنٹ کے عملے کی جانب سے تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی، جس کے دوران ایک ریڑھی بان نے تنگ آ کر مبینہ طور پر اپنی ریڑھی اور شوکیس خود ہی توڑ ڈالا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرو ٹولیرنس پالیسی
واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انسپیکٹر انفورسمنٹ کاشف اسلم نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ افسران کی ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خلاف "زیرو ٹولیرنس” پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز جاری ہیں۔
متعدد بار وارننگ کے باوجود ہٹانے سے انکار
انسپیکٹر کاشف اسلم کے مطابق، کارروائی کی زد میں آنے والے ریڑھی بان کو اس سے قبل متعدد بار نوٹس دیے گئے تھے اور تجاوزات ہٹانے کی تنبیہ کی گئی تھی، مگر وہ مستقل طور پر عدالتی و انتظامی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کے لیے بالکل تیار نہیں تھا۔
ریڑھی بان کا خودساختہ نقصان
ایم سی ایل عملے کا کہنا ہے کہ آج جب ضابطے کے تحت اس کی ریڑھی کو اٹھانے کی کارروائی شروع کی گئی، تو ریڑھی بان غصے میں آ گیا اور اس نے طیش میں آ کر خود ہی اپنا سامان سڑک پر پھینکا اور شوکیس توڑ ڈالا تاکہ کارروائی کو متنازع بنایا جا سکے۔ ادارے کا مؤقف ہے کہ اس واقعے کے تمام ویڈیو شواہد (ویڈیو ایویڈنس) موجود ہیں جن سے حقیقت واضح ہو جاتی ہے۔
انتظامیہ کا دوٹوک مؤقف
MCL حکام نے واضح کیا ہے کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں قانون کے دائرے میں رہ کر اسی طرح جاری رہیں گی، اور فیک پراپیگنڈا یا دباؤ کارروائیوں کو روک نہیں سکتا۔









