لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈیانا کیس میں ملزم احمد تنویر کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔ وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے کہا ہے کہ احمد تنویر کو جس طرح حراست میں لیا گیا، اس سے لگتا ہے کہ ہم پولیس اسٹیٹ میں رہتے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے معاملے کا نوٹس لینے اور عدالتی فیصلوں کی بے توقیری روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل بھی کی۔
صفدر شاہین پیرزادہ کے مطابق ڈیانا کے تازہ ویڈیو بیان میں تنویر پر زیادتی نہ کرنے کا بیان موجود ہے، جس سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے ڈیانا کا ویڈیو لنک کے ذریعے بیان قلمبند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وکیل نے بتایا کہ عدالت نے احمد تنویر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔ پولیس کی جانب سے ضمانت کے باوجود ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش پر بھی عدالت کو آگاہ کیا گیا تھا۔
صفدر شاہین پیرزادہ کے مطابق عدالت نے احمد تنویر کو عدالتی عملے کے کمرے میں تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی، جہاں تفتیشی افسر نے آدھے گھنٹے تک ان سے تفتیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے پراسیکیوٹر، ڈی ایس پی اور تفتیشی افسر کو ملزم کو حراست میں لینے سے روکا تھا اور ملزم کو گیٹ تک سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔









