لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں، گندم کی کاشت اور رمضان المبارک کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کر دیا جائے گا اور صرف 10 کلو آٹا بیگ مارکیٹ میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے آٹا اور گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے بین الصوبائی بارڈر کی کڑی نگرانی کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خوردونوش کے نرخوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 اشیا کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے اور بعض اشیا کے نرخوں میں 252 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ بیشتر اشیائے خوردونوش کے نرخ مستحکم ہیں جبکہ دالوں کے نرخ بھی برقرار ہیں۔ اشیا کے نرخ کی مانیٹرنگ اور استحکام کیلئے "قیمت ایپ” کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں گندم کی بوائی کا ہدف پورا کرنے کی ہدایت کی اور تمام اضلاع میں سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ نمبردار، گھوڑی پال سکیم اور "اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کے تحت تمام اراضی پر گندم ہی کاشت کی جائے گی۔
رمضان المبارک میں کیلا، سیب اور کھجور کی کنٹرول نرخ پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے علاقے میں کولڈ سٹوریج میں ضرورت کے مطابق ان پھلوں کی سٹوریج یقینی بنائے گا۔
اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ "ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ” متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی کیلئے ڈی ہائیڈریشن پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کیلئے پنجاب کا پہلا منڈی مارٹ پراجیکٹ شروع کر دیا گیا ہے۔
جس کی جلد تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں منڈی مارٹ قائم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔مریم نواز شریف نے کھلے دودھ کی حفظان صحت کے مطابق فروخت کی ریگولیشن کیلئے مؤثر اقدامات کا بھی حکم دیا۔










