بہاولنگر (پنجاب پوسٹ) شہر وفا پریس کلب بہاولنگر میں صوبہ بہاولپور کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مقررین نے صوبے کی بحالی کو خطے کے عوام کا دیرینہ اور جائز مطالبہ قرار دیا۔
پریس کانفرنس میں مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ امیر حمزہ رافع وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اس موقع پر محمد احمد خان، مطلوب مہار اور محمد احمد چوہدری نے صوبہ بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مطالبے کو اب مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
مقررین نے کہا کہ صوبہ بہاولپور کی بحالی خطے کی تاریخی شناخت اور عوامی حقوق کا اہم ترین تقاضا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے ہی عوامی مسائل کا حل اور انتظامی امور میں بہتری ممکن ہے۔
پریس کانفرنس میں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور خطے کی پسماندگی کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ مقررین نے زور دیا کہ بنیادی سہولیات اور وسائل کی منصفانہ فراہمی کے لیے صوبہ بہاولپور کی بحالی ناگزیر ہے۔
آخر میں مقررین نے اعلان کیا کہ بہاولپور صوبہ بحالی کی تحریک کو بھرپور انداز میں متعلقہ فورمز پر اجاگر کیا جائے گا۔














