لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب پولیس نے پرتشدد مظاہروں سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ کتوں کے استعمال کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پولیس کے یونٹ رائٹ مینجمنٹ نے ابتدائی طور پر بیلجیم میلانائے نسل کے 4 کتے اور 4 گھوڑے خرید لیے ہیں۔ کتوں اور گھوڑوں کی تربیت اور دیکھ بھال کے لیے 15 ہینڈلرز بھی بھرتی کیے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق گھوڑے مظاہروں اور ہجوم کی مؤثر نگرانی کے لیے خریدے گئے ہیں، جبکہ کتوں کو پرتشدد مظاہرین سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام رائٹ مینجمنٹ یونٹ کی صلاحیت بڑھانے کے سلسلے میں اٹھایا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ جانوروں کی تربیت اور دیکھ بھال کے لیے مجموعی طور پر 15 ہینڈلرز بھرتی کیے جائیں گے۔ ان میں سے 8 ہینڈلرز گھوڑوں کے لیے مخصوص ہوں گے، جبکہ 7 ہینڈلرز کتوں کی تربیت کے لیے رکھے جائیں گے۔حکام کے مطابق یہ ہینڈلرز کتوں اور گھوڑوں کی خوراک، تربیت اور صحت کی ذمہ داری نبھائیں گے، اور بوقت ضرورت ان جانوروں کو استعمال بھی کریں گے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پہلے سے موجود ہینڈلرز کو عسکری مراکز سے تربیت دلوائی جا چکی ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ 15 ہینڈلرز کی بھرتی کے لیے کیبنٹ کی جانب سے منظوری دی جا چکی ہے۔ بھرتی کا عمل شروع کرنے کے لیے جلد اشتہار جاری کیا جائے گا۔












