شیخوپورہ( پنجاب پوسٹ ) کہتے ہیں کہ محبت رنگ، نسل اور سرحدوں کی محتاج نہیں ہوتی، اس بات کو سچ کر دکھایا ہے تھائی لینڈ کمبوڈیا سے تعلق رکھنے والی ایک دوشیزہ نے، جو سات سمندر پار سے اپنے پیار کی خاطر پاکستان کے تاریخی ضلع شیخوپورہ پہنچ گئی۔
ضلع شیخوپورہ کی تحصیل کے نواحی گاؤں ٹبی ہمبو (چک نمبر 578) میں اس وقت میلے کا سماں ہے، جہاں کے رہائشی اللہ دیتہ ولد عبدالرشید نے تھائی لینڈ کی دوشیزہ سے پسند کی شادی کر لی ہے۔ اس انوکھی شادی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور دور دور سے لوگ اس جوڑے کو دیکھنے کے لیے امڈ آئے۔
تفصیلات کے مطابق، اللہ دیتہ اور تھائی لینڈ کمبوڈیا لڑکی کے درمیان رابطے کا آغاز سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے ذریعے ہوا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دوستی گہری ہوتی گئی اور بالآخر دونوں نے اپنی بقیہ زندگی ایک ساتھ گزارنے کا فیصلہ کر لیا۔ تھائی لینڈ کی دوشیزہ نے اپنے پیار کی خاطر اپنا وطن چھوڑا اور پاکستان پہنچ گئی۔
پاکستان پہنچنے پر تھائی لینڈ کی دوشیزہ نے اپنی مرضی اور خوشی سے اسلام قبول کیا اور اس کا اسلامی نام ام کلثوم رکھا گیاجس کے بعد ان کا اللہ دیتہ کے ساتھ شرعی نکاح پڑھایا گیا۔ نو مسلم دلہن کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی ثقافت اور یہاں کے لوگوں کے خلوص سے بے حد متاثر ہیں اور اسلام کی تعلیمات نے ان کا دل جیت لیا ہے۔
اس خوشی کے موقع پر اللہ دیتہ کے گھر والوں، دوست احباب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دوستوں کی جانب سے دولہا کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور مبارکبادیں دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ گاؤں کے بزرگوں نے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اسے دو ملکوں کے درمیان محبت کا ایک نیا پل قرار دیا ہے۔
مقامی سطح پر اس شادی کو ایک خوبصورت مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی (سوشل میڈیا) نے دو مختلف تہذیبوں کو ایک پاکیزہ رشتے میں جوڑ دیا ہے۔











