جی سی یو میں اقلیتی طلباء کے اعزاز میں الوداعی تقریب، صوبائی وزیر اقلیتی امور کا وظائف کا اعلان

لاہور( پنجاب پوسٹ) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے فارغ التحصیل طلباء کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا اور وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر چوہدری نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر کے اقلیتی طلباء کے لیے وظائف کی تعداد 1 ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنی مادرِ علمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ کامیابی کو اسی ادارے کا مرہون منت قرار دیا۔

الوداعی تقریب میں مجموعی طور پر 27 گریجویٹ طلباء شریک ہوئے جن میں 24 مسیحی، 2 ہندو اور  1 سکھ طالب علم شامل تھا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر چوہدری نے کہا کہ یہ تقریب تمام طلباء کو بلا تفریق مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے یونیورسٹی کے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادارے کا بنیادی مقصد طلباء کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ عملی زندگی میں کامیاب ہوں اور ملک کے ایک روشن اور جامع مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب میں نولکھا چرچ کے ڈاکٹر مجید ایبل، پرنسپل کنیئرڈ کالج پروفیسر ڈاکٹر ارم انجم اور پروفیسر ڈاکٹر ستونت کور نے بھی شرکت کی اور عملی زندگی میں قدم رکھنے والے طلباء کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے