مظفرگڑھ (پنجاب پوسٹ) تھل جیپ ریلی کے دوران پیرا گلائیڈر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور اس پر سوار شخص زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق تھل جیپ ریلی کے دوران پیرا گلائیڈر اچانک فضا میں کریش کرگیا، جس کے باعث دونوں افراد زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد شرکاء اور شائقین میں تشویش پائی جانے لگی۔
تھل جیپ ریلی میں ایک جانب آف روڈ ریسنگ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، جہاں ملک بھر سے آنے والے ریسنگ کے شوقین اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہیں پیرا گلائیڈر کے حادثے نے ایونٹ کی سرگرمیوں کے دوران حفاظتی انتظامات کی اہمیت کو بھی اجاگر کردیا ہے۔
تھل جیپ ریلی ہر سال اپنی منفرد سرگرمیوں اور دلچسپ مقابلوں کے باعث توجہ کا مرکز بنتی ہے۔ جیپ ریسنگ کے ساتھ پیرا گلائیڈنگ سمیت دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی شائقین کی دلچسپی کا باعث بنتی ہیں۔
تاہم، پیرا گلائیڈر حادثے میں پائلٹ اور سوار کے زخمی ہونے کے بعد ایڈونچر سرگرمیوں کے دوران حفاظتی اقدامات کی اہمیت ایک بار پھر سامنے آگئی ہے۔











