سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سویلین اور عسکری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے، جس کے ثمرات آنے والے دنوں میں سامنے آئیں گے۔ ان کے مطابق فوجی فاؤنڈیشن نے 323 ارب روپے ٹیکس ادا کیا ہے، جبکہ متعدد سویلین ادارے بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی معاشی اور سفارتی کامیابیوں میں فیلڈ مارشل نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ فوجی فاؤنڈیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سویلین اداروں کی صورتحال بھی دیکھنی چاہیے۔ پاکستان اسٹیل ملز بند پڑی ہے، جبکہ ان کا دعویٰ تھا کہ اگر نواز شریف بینکوں کی نجکاری نہ کرتے تو بینک دیوالیہ ہو جاتے۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں مولانا فضل الرحمان سیاسی سرگرمیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آنے والے دنوں میں نئی تاریخ رقم ہوگی اور صوبے سے متعلق قانونی و آئینی معاملات بھی واضح ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کسی لٹیرے کے ہاتھ میں نہیں دیں گے۔
خواجہ آصف نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ آج تک کسی شہید کے جنازے میں شریک نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ محمود غزنوی کہاں گیا جو اسلام آباد آنے کی بات کرتا تھا؟ وزیر دفاع نے کہا کہ کسی کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ملک میں قانونی اور آئینی بھگدڑ مچی ہوئی ہے، جبکہ مختلف سیاسی چالیں اب کامیاب نہیں ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس ادارے پر تنقید کی جا رہی ہے، اس نے جانوں کی قربانیاں دے کر اپنی وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔











