لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس کے سب انسپکٹرز کی ترقی کے لیے محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اجلاس 19 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب کی سربراہی میں اجلاس سینٹرل پولیس آفس لاہور میں ہوگا، جس میں ترقی کے منتظر افسران کے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق 300 سب انسپکٹرز کے کیسز پر غور کے بعد باقی ماندہ افسران کی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنرل ایگزیکٹیو کیڈر کے سب انسپکٹرز کے سیریل نمبر 301 سے آگے کے کیسز اجلاس میں زیر غور آئیں گے۔
اجلاس میں سب انسپکٹرز کو لسٹ ’ایف‘ میں شامل کرنے اور قائم مقام انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، اے آئی جی ڈسپلن اور اے آئی جی لیگل سمیت متعلقہ افسران اجلاس میں شرکت کریں گے۔ متعلقہ حکام کو ترقی کے کیسز سے متعلق ورکنگ پیپرز اور سفارشات مقررہ تاریخ پر کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمانہ پروموشن کمیٹی کا یہ اجلاس 7 ستمبر 2026 کو ہونے والے اجلاس کے تسلسل میں منعقد ہوگا۔











