لاہور (پنجاب پوسٹ) جمعہ کے روز سکیورٹی الرٹ کے پیش نظر لاہور پولیس نے شہر بھر میں کومبنگ آپریشنز تیز کر دیے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک شہر بھر میں 2 ہزار 654 کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ان آپریشنز کے دوران ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی، جبکہ 2 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔ پولیس کارروائیوں کے نتیجے میں ایک ہزار 638 مشتبہ افراد اور 275 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
لاہور پولیس کے مطابق کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 251 جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے پر 102 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور،مانگامنڈی ملتان روڈ پر ٹریفک حادثہ، تیز رفتاری ایک اور قیمتی جان لے گئی
دوسری جانب سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے نمازِ جمعہ کے اجتماعات، مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعۃ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔
سی سی پی او لاہور نے سپروائزری افسران کو خود مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی کا جائزہ لینے اور شہر بھر میں کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔













