لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس اور پریزن کے 20 افسران جدید تربیت کے لیے امریکہ جائیں گے۔ تربیتی دورہ 24 اکتوبر سے 8 نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ اس پروگرام پر حکومت پنجاب کو کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
امریکہ میں تربیت کے لیے منتخب افسران نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی پریزن میاں سالک جلال، سابق ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال اور سینئر سائیکالوجسٹ پریزن سعدیہ ظفر بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے امریکہ میں تربیت کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
بریفنگ کے مطابق، ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام امریکی ریاست ورجینیا میں ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کے اشتراک سے منعقد ہوگا۔ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز کے تعاون سے جاری ہے۔ رواں سال جدید تربیت کے لیے امریکہ جانے والا یہ پروبیشن اینڈ پیرول افسران کا دوسرا وفد ہے۔
تربیتی پروگرام کے دوران الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی اوفنڈر مینجمنٹ نظام کا جائزہ لیا جائے گا۔ ہائی رسک مجرمان اور گینگز سے وابستہ افراد کی نگرانی کے طریقہ کار پر خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ شواہد پر مبنی پروبیشن اینڈ پیرول نگرانی کے جدید طریقوں سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ بحالی، اصلاح اور مجرمان کی معاشرے میں دوبارہ شمولیت کے بنیادی فلسفے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کی قیادت اس سے قبل بھی پنجاب کے اصلاحات پر مبنی اور ترقی پسند ماڈل کو سراہ چکی ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب کے پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ تربیتی پروگرام ہائی رسک مجرمان کے انتظام اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ جانے والے افسران صرف ٹرینی نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر بھی ہوں گے۔ تمام افسران کو امریکہ روانگی سے قبل ابتدائی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ تربیت مکمل کرنے والے افسران کو مختلف اضلاع میں سپروائزری ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق، اس تربیتی دورے سے پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول کے اوفنڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔













