لاہور (پنجاب پوسٹ) تھانہ کلچر میں تبدیلی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تھانوں کی خفیہ جانچ کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو عام شہری بن کر تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر جائیں گی اور پولیس عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیں گی۔
خصوصی ٹیمیں درخواستوں کی وصولی، ای ٹیگ کے اجرا اور عملے کے رویے کی جانچ کریں گی۔ اس کے علاوہ شہریوں کو محرر یا دیگر اہلکاروں کے پاس بھجوانے اور غیر ضروری انتظار کروانے جیسے معاملات کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق فرنٹ ڈیسک شہریوں اور پولیس کے درمیان پہلا رابطہ ہے، جہاں عملے کا رویہ اور رسپانس مثالی ہونا چاہیے۔ شہریوں کو ٹالنے اور غیر ضروری انتظار کروانے کی کوئی گنجائش نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: محکمہ پولیس میں چھُپی ہوئی کالی بھیڑوں کے گرد شکنجہ سخت
انہوں نے واضح کیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ عملے اور ایس ایچ اوز سے جواب طلبی ہوگی۔ تھانے کا سربراہ انتظامی امور کے ساتھ عوامی خدمت کا بھی ذمہ دار ہے، جبکہ درخواستوں پر بروقت ای ٹیگ کا اجرا یقینی بنانا ایس ایچ او کی ذمہ داری ہے۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ٹالنے کی روش ختم نہ کرنے والے افسران اپنی نشستوں پر نہیں رہیں گے۔ عوامی خدمت میں کوتاہی پر ایس ایچ او بھی جواب دہ ہوگا، جبکہ تھانوں کی کارکردگی کاغذی رپورٹس کے بجائے عملی نتائج کی بنیاد پر پرکھی جائے گی۔











