خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی حمایت، پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کی قرارداد جمع

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب اسمبلی میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی حمایت میں قرارداد جمع کرا دی گئی، قرارداد چیف وہپ مسلم لیگ ن پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے جمع کرائی، جس میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت کے اقدامات کی تائید کی گئی ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق خیبر پختونخوا کو دہشت گردی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال جیسے سنگین چیلنجز درپیش ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر راج کے فیصلے کو ملک کے وسیع تر مفاد میں دیکھا جانا چاہیے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات ضروری ہیں۔

قرارداد میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے قومی سلامتی اور ملکی مفاد کو سیاسی مصلحتوں اور ممکنہ سیاسی نقصان پر ترجیح دی۔ ریاست کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات سے سیاسی نقصان کے خدشے کے باعث گریز نہیں کرنا چاہیے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی سے متعلق فیصلہ اعداد و شمار، سکیورٹی اداروں کی رپورٹس اور زمینی حقائق کی بنیاد پر کیا گیا، جبکہ غیر معمولی حالات میں عوام کے تحفظ کے لیے بروقت اور مؤثر فیصلے ضروری ہیں۔

قرارداد کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ مقصد ہے۔ قانون کی حکمرانی کسی سیاسی جماعت یا حکومت کا نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ مقصد ہے۔

قرارداد میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ خیبر پختونخوا میں وفاقی حکومت کے اقدامات عوام کے تحفظ، دہشت گردی کے خاتمے اور ریاستی اداروں کی مؤثر عمل داری کے قیام میں معاون ثابت ہوں گے، جبکہ صوبے کے عوام کو پائیدار امن، تحفظ اور معمول کی زندگی فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

قرارداد میں ملکی استحکام کے لیے سیاسی مفادات کے بجائے پاکستان کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھنے کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ایوان امن و استحکام کے قیام کے لیے وفاقی حکومت کے تمام ضروری آئینی و قانونی اقدامات کی تائید کرتا ہے۔

WhatsApp Image 2026 10 15 at 1.00.59 PM

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے