لاہور(پنجاب پوسٹ)خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے لاہور کے علاقے مصطفی ٹاؤن میں احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران سڑک پر شدید نعرے بازی کی گئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کی خاتون رہنما ارم زہرہ اور سعد ڈوگر 10 سے 12 نامعلوم افراد کے ہمراہ سڑک پر موجود تھے، جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی کی۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پی ٹی آئی کا جعلی پروپیگنڈا ایکسپوز کردیا
اطلاع ملنے پر تھانہ مصطفی ٹاؤن کی پولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم پولیس کے پہنچنے پر پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکنان نعرے بازی کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔بعد ازاں تھانہ مصطفی ٹاؤن پولیس نے ارم زہرہ، سعد ڈوگر اور 10 سے 12 نامعلوم افراد کے خلاف روڈ بلاک کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔











