لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے وراثتی اور دیوانی تنازعات میں مداخلت کے خلاف اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں محکمے نے وراثتی اور دیوانی تنازعات میں دائرہ اختیار نہ ہونے کو تسلیم کر لیا۔ جسٹس سردار اعلٰی اکبر ڈوگر نے شاہد محمود کی آئینی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے میاں داؤد ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
میاں داؤد ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن نے 76 سال پرانے اور طے شدہ وراثتی تنازع میں ایف آئی آر درج کی۔ قانون کے تحت وراثتی، دیوانی اور ریونیو تنازعات پر کسی ایجنسی کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں۔ درخواست گزار کے آباؤ اجداد متعلقہ وراثتی تنازع سپریم کورٹ سے جیت چکے ہیں، تاہم مخالف فریق نے دوبارہ محکمہ مال میں انتقال کے معاملے پر مقدمہ بازی شروع کر دی۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق مخالف فریق محکمہ مال سے دوبارہ مقدمہ ہارنے کے بعد رشوت دے کر محکمہ اینٹی کرپشن میں ایف آئی آر درج کروانے میں کامیاب ہوا۔
دوران سماعت ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے چار صفحات پر مشتمل تحریری رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرائی، جس میں کہا گیا کہ معاملہ دیوانی نوعیت کا تھا اور سرکاری افسران کے خلاف بھی کوئی ثبوت موجود نہیں تھا۔ رپورٹ کے مطابق فریقین کے درمیان شیخوپورہ کی سول عدالت میں مقدمہ بازی بھی زیر التوا ہے۔
اینٹی کرپشن نے اپنی رپورٹ میں زیرِ چیلنج ایف آئی آر خارج کرنے کی سفارش کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی رپورٹ کی روشنی میں شاہد محمود کی آئینی درخواست نمٹا دی۔













