لاہور (پنجاب پوسٹ) بسوں، ٹرکوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت دیگر گاڑیوں میں خطرناک اوورلوڈنگ کے خلاف سیف سٹی نے صوبہ بھر میں کارروائیاں تیز کر دیں، رواں ماہ گنجائش سے زائد مسافر بٹھانے اور گاڑیوں سے باہر نکلے سامان کی ترسیل پر مجموعی طور پر 11 ہزار 752 ای چالان جاری کیے گئے۔ سیف سٹی کے ورچوئل ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور اے آئی بیسڈ کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق کیمروں کی مدد سے گنجائش سے زائد مسافر بٹھانے کی 6 ہزار 204 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ گاڑیوں کی مقررہ حدود سے باہر نکلے سامان سے متعلق 5 ہزار 548 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ خلاف ورزیوں کی نشاندہی پر متعلقہ فیلڈ فورس کو فوری اطلاع دے کر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ون وے کی خلاف ورزی پر پنجاب بھر میں سخت کارروائی کا فیصلہ، 5 لاکھ سے زائد چالان
ترجمان کے مطابق ٹرکوں، ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں پر غیر محفوظ انداز میں سامان کی ترسیل کی خصوصی نگرانی جاری ہے۔ گاڑیوں سے باہر نکلے سریے، لوہے کے راڈز اور دیگر سامان خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کیلئے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔
ترجمان سیف سٹیز نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے خطرناک اوورلوڈنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔













