فیروزپور روڈ پر ہلہ گلہ اور زگ زیگ ڈرائیونگ، ٹریفک پولیس کا ایکشن، متعدد نوجوان گرفتار

لاہور(پنجاب پوسٹ)سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے فیروزپور روڈ پر ٹریفک میں خلل ڈالنے اور سڑک بلاک کرنے والے نوجوانوں کے ایک گروپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق، کچھ نوجوان مختلف گاڑیوں پر سوار ہو کر سڑک پر ہلہ گلہ کر رہے تھے اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنے ہوئے تھے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اطلاعات کے مطابق، چار پراڈو، دو سوک اور ایک الٹس گاڑی میں سوار نوجوان گاڑیوں کی چھتوں سے باہر نکل کر زگ زیگ ڈرائیونگ کر رہے تھے، جس سے نہ صرف ٹریفک متاثر ہوئی بلکہ حادثات کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ اس پر ڈی ایس پی سرکل اچھرہ شوکت علی اور انچارج ٹریفک سیکٹر سجاد کی سربراہی میں ٹیم نے بروقت ایکشن لیا۔

ٹریفک پولیس نے موقع پر ناکہ بندی کر کے تمام گاڑیوں کو روکا اور چیکنگ کے دوران ملوث نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد مقامی کالج کے طلبہ ہیں، جن میں علی حسن، ناظم علی، ولی محمد اور اصف جاوید شامل ہیں۔

گرفتار افراد کو گاڑیوں سمیت تھانہ اچھرہ کے حوالے کر دیا گیا، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ سڑکیں شہریوں کی آمد و رفت کے لیے ہیں اور کسی کو بھی ان پر ہلہ گلہ کرنے یا رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ سڑک بلاک کرنے یا ٹریفک میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے