مظفرآباد: ( پنجاب پوسٹ )آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار 9 جون سے 19 جون 2026 تک شام 4 بجے تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون کو کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکپتن ، چک نمبر ڈی 65 میں شہید سپاہی محمد عدنان فرید کی تدفین
مسترد شدہ کاغذاتِ نامزدگی کے خلاف اپیلیں 21 جون سے 24 جون تک دائر کی جا سکیں گی۔ ان اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو ہوگی، جبکہ اپیلوں پر فیصلے 28 اور 29 جون کو سنائے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امیدواروں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ہے۔ حتمی امیدواروں کی فہرست یکم جولائی کو جاری کی جائے گی جبکہ 2 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست انتخابی نشانات کے ساتھ شائع کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ شیڈول آزاد جموں و کشمیر الیکشن ایکٹ 2020 کے تحت جاری کیا گیا ہے اور اس کا فوری اطلاق ہوگا۔ مذکورہ نوٹیفکیشن سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کی جانب سے جاری کیا گیا۔











