لاہور(پنجاب پوسٹ)رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ کالجز اور یونیورسٹیز کے نوجوان کرکٹرز کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے ایک بڑی مہم کا آغاز آج سے کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد تعلیمی اداروں میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لا کر قومی ٹیموں تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں تقریباً آٹھ سو سرکاری اور دو ہزار پرائیویٹ کالجز موجود ہیں، جن کے طلبہ میں کرکٹ کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق اسکول اسپورٹس کی بحالی سے گراؤنڈ کی سطح پر ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا ہے، جو حوصلہ افزا ہے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے محبت کرنے والے شائقین ملکی کرکٹ میں بہتری دیکھنا چاہتے ہیں، اور اگر یونیورسٹیز اور کالجز سے حقیقی ٹیلنٹ کا خیال رکھا جائے تو یہ بہتری ضرور آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین پریکٹسز نوجوانوں کو فراہم کی جائیں گی اور اس پروگرام کے ذریعے انہیں بہترین تربیت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں غ غبارہ ،ف فوارہ والا نصاب کیسے بدلا جارہا ہے؟ وزیر تعلیم نے سب بتا دیا
انہوں نے لاہور قلندرز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔ ان کے مطابق پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت داری سے ہمیشہ بہترین نتائج سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا فریم ورک تیار کیا جائے گا جس کے ذریعے کالجز کے طلبہ آگے چل کر قومی ٹیموں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران دس ہزار کھلاڑیوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری سے ملک میں کرکٹ کے حوالے سے نمایاں بہتری آئے گی۔











