لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے پنجاب میں بی آر ٹی، گرین بسوں اور جدید ٹرانسپورٹ کے نظام کو صوبے کی ترقی قرار دیتے ہوئے مخالفین کے پراپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈالرز کے لیے جھوٹی خبریں اور پراپیگنڈا کرنے والوں کا مقصد حقائق کو مسخ کرنا ہے، جبکہ خود عیش و عشرت میں مصروف رہنے والوں نے اپنی جماعت کا بیڑہ غرق کر دیا۔
بیان کے مطابق پنجاب الحمدللہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پورے ملک میں قیادت کر رہا ہے۔ ماضی میں انہی بسوں کو جنگلہ بس قرار دے کر ان کی ضرورت سے انکار کیا جاتا تھا، لیکن آج جدید ٹرانسپورٹ عوامی سہولت کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کو اللہ تعالیٰ کے سوا کسی سے لینے یا مانگنے کی ضرورت نہیں، تاہم کسی دوسرے صوبے کو مدد درکار ہوئی تو پنجاب تعاون کے لیے حاضر ہے۔
بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ خیبر پختونخوا میں چوری اور نااہلی کے خاتمے کے بعد اب دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔














