لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز پھیلا رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جامشورو میں ایک بوائلر کی پرانی ویڈیو کو پشاور کے احتجاج سے منسوب کیا گیا۔ ان کے مطابق ایک بھارتی شہری اشوک سوان نے جنتر منتر کے احتجاج کی ویڈیو شیئر کی، جسے اسلام آباد احتجاج کی ویڈیو بنا کر پیش کیا گیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا: "جعلی لیڈرشپ، جعلی انقلاب، جعلی احتجاج!” طنز کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اگلی بار پی ٹی آئی چاند پر بھی جلسہ کروا دے اور ناسا کی ویڈیو لگا دے۔
خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس صوبائی حکومت کے زیر سایہ دہشت گرد محفوظ ہوں، پولیس نہتی ہو اور عوام کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے، وہاں ایمرجنسی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو وزیر اعلیٰ قومی ترانے اور جھنڈے کے احترام سے عاری ہو، وہ قابلِ نفرت ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورِ حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے پوچھا کہ اس نے صوبے کو کیا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ جو سلوک کیا، وہ روزِ روشن کی طرح عیاں ہے۔











