سیف سٹی “میرا پیارا” ٹیم کی کامیاب کارروائی:4 سال بعد بچی اپنے خاندان سے کیسے ملی؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے چار سال سے گمشدہ بچی کو اس کے اہلِ خانہ سے ملوا دیا۔

حکام کے مطابق، بچی ناہیدہ جولائی 2022 میں گوجرانوالہ سے لاوارث حالت میں ملی تھی، جس کے بعد اسے حفاظتی اقدامات کے تحت ایک شیلٹر ہوم منتقل کر دیا گیا تھا۔ بچی اپنی مکمل شناخت فراہم کرنے سے قاصر تھی اور ابتدائی معلومات کے طور پر صرف اپنی والدہ کا نام بشریٰ اور والد کا نام بھولا بتاتی تھی۔

بعد ازاں یہ کیس ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی “میرا پیارا” ٹیم کے سپرد کیا گیا، جس نے بچی کی شناخت معلوم کرنے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کیے اور مسلسل رابطے کی کوششیں جاری رکھیں۔

اسی سلسلے میں ٹیم نے بچی کا ویڈیو انٹرویو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کے نتیجے میں پیش رفت سامنے آئی۔ بچی کی بہن ردا نے ویڈیو دیکھنے کے بعد سیف سٹی حکام سے رابطہ کیا۔

اہلِ خانہ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، بچی 2022 میں شیخوپورہ سے لاپتہ ہوئی تھی۔ حکام نے ابتدائی ویریفکیشن اور بعد ازاں مکمل تصدیقی عمل مکمل کیا، جس کے بعد بچی کو اس کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔

ترجمان سیف سٹی کے مطابق، “میرا پیارا” ٹیم اب تک 70 ہزار سے زائد گمشدہ اور لاوارث افراد کو ان کے خاندانوں سے ملوا چکی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے