وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم: 69 لاکھ رجسٹرڈ، ٹینکی اب بھی خالی؛ شہری کا سوال، ٹوکن سے گاڑی چلے گی یا دھکا لگانا پڑے گا؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب بھر میں وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت 69 لاکھ 79 ہزار 628 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، مگر کئی شہریوں کا کہنا ہے کہ موبائل میں ٹوکن تو بھرے ہوئے ہیں، البتہ گاڑی کی ٹینکی اب بھی خالی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 1 کروڑ 62 لاکھ 2 ہزار 356 ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 1 کروڑ 46 لاکھ 38 ہزار 470 ٹوکن ریڈیم ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹوکنوں کی تعداد دیکھ کر لگتا ہے کہ اب پٹرول نہیں، ٹوکن ہی ایندھن ہوں گے۔

ایک شہری نے مذاق میں کہا، "رجسٹریشن بھی ہو گئی، ٹوکن بھی آ گیا، بس اب کوئی یہ بتا دے کہ ٹوکن کو ٹینکی میں ڈالنا کہاں سے ہے؟” ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل اب پٹرول سے زیادہ امید پر چل رہی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب افتخار علی سہو کے مطابق چھ ہزار سے زائد پٹرول پمپس فعال اور فیلڈ ویریفائیڈ ہیں، جبکہ عوام کی رہنمائی کے لیے ہیلپ ڈیسک بھی موجود ہیں۔ اس پر ایک شہری نے کہا، "ہیلپ ڈیسک تو مل جاتا ہے، بس ٹینکی بھرنے میں مدد کوئی نہیں کرتا۔”

انسپکشن ٹیمیں پٹرول پمپس کی نگرانی کر رہی ہیں اور افتخار علی سہو نے خبردار کیا ہے کہ سبسڈی والا پٹرول دینے سے انکار پر سخت کارروائی ہو گی۔ اس پر شہریوں نے تجویز دی کہ انسپکشن ٹیمیں ٹینکی کا بھی معائنہ کر لیں، تاکہ معلوم ہو سکے کہ خالی کیوں ہے۔

دوسری جانب افتخار علی سہو نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں رجسٹریشن کروا کر اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔ شہریوں نے جواب میں کہا کہ رجسٹریشن تو کروا لی، اب بس پٹرول بھی مل جائے تو مہربانی ہو گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے