لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے زیرِ تعمیر اوکاڑہ میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
اوکاڑہ میڈیکل کالج کا منصوبہ 4 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں اکیڈمک بلاک، کیفے ٹیریا اور فی میل ہاسٹل کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے صوبائی وزیر صحت کو منصوبے کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔
دورے کے موقع پر سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود، ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک، پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور محکمہ بلڈنگز کے حکام بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ بلڈنگز کے حکام کو ترقیاتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور عوامی سہولت کے اس اہم منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب طبی تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اوکاڑہ میڈیکل کالج ضلع کی عوام کے لیے ایک بے مثال تحفہ ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو تعمیراتی کام کی ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹرنگ کرنے اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام میں تیزی لائی جائے تاکہ منصوبے کے لیے مزید فنڈنگ کی جا سکے۔











