لاہور (پنجاب پوسٹ) شہر میں رواں سال کے ابتدائی 270 روز، یعنی 9 ماہ کے دوران قتل، اقدام قتل، ڈکیتی مزاحمت پر قتل، ڈکیتی، راہزنی، نقب زنی، گینگ ریپ، اغوا سمیت دیگر جرائم کے مجموعی طور پر 1 لاکھ 71 ہزار 994 مقدمات درج کیے گئے۔ پولیس اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں مقدمات کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق 2025 کے پہلے 9 ماہ کے دوران لاہور میں مختلف جرائم کے 2 لاکھ 15 ہزار 526 مقدمات درج ہوئے، جبکہ 2026 کے اسی عرصے میں 1 لاکھ 71 ہزار 994 مقدمات درج کیے گئے۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں 43 ہزار 532 مقدمات کم درج ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق جرائم کے مقدمات میں کینٹ ڈویژن پہلے نمبر پر رہی، جہاں 39 ہزار 273 مقدمات درج ہوئے۔ کینٹ ڈویژن کے جن تھانوں کی حدود میں سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، ان میں مناواں، باٹا پور، ہربنس پورہ، غازی آباد، جنوبی چھاؤنی، ڈیفنس بی اور ڈیفنس اے شامل ہیں۔
ماڈل ٹاؤن ڈویژن 33 ہزار 858 مقدمات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ اس ڈویژن میں کاہنہ، نشتر کالونی، گارڈن ٹاؤن، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، اچھرہ اور نصیر آباد کے علاقوں میں جرائم کے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے تھانہ نورشاہ میں پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا
پولیس اعداد و شمار کے مطابق صدر ڈویژن 31 ہزار 571 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ اس ڈویژن کے جن تھانوں کی حدود میں زیادہ واقعات پیش آئے، ان میں ستوکتلہ، نواب ٹاؤن، رائیونڈ سٹی، مانگا منڈی، گرین ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور ٹاؤن شپ شامل ہیں۔
سٹی ڈویژن 29 ہزار 520 مقدمات کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔ اس ڈویژن میں شاہدرہ، شاہدرہ ٹاؤن، شفیق آباد، راوی روڈ، بادامی باغ، مصری شاہ، لوئر مال، ٹبی سٹی، اکبری گیٹ، اسلام پورہ اور نولکھا کے علاقوں میں جرائم کے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔
اقبال ٹاؤن ڈویژن میں مختلف جرائم کے 22 ہزار 199 مقدمات درج ہوئے، جس کے بعد یہ ڈویژن پانچویں نمبر پر رہی۔ اس ڈویژن کے تھانوں ساندہ، شیراکوٹ، نواں کوٹ، اقبال ٹاؤن، سبزہ زار، سمن آباد، وحدت کالونی اور گلشن اقبال کی حدود میں زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔
سول لائنز ڈویژن 17 ہزار 194 مقدمات کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق اس ڈویژن میں شالیمار، ریس کورس، قلعہ گجر سنگھ، مغلپورہ، مزنگ، لٹن روڈ اور گجر پورہ کے علاقوں میں جرائم کے زیادہ واقعات سامنے آئے۔
یہ بھی پڑھیں: تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس کی کارروائی، دکانوں میں چوری کرنے والے تین ملزمان گرفتار
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال لاہور میں درج ہونے والے مقدمات کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔










