لاہور (پنجاب پوسٹ) پلاٹ کی خریداری کے لیے 95 لاکھ روپے مالیت کی تین گاڑیاں دینے کے باوجود پلاٹ نہ ملنے پر متاثرہ شہری انصاف کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری پہنچ گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او کاہنہ کو سات روز میں شواہد کی روشنی میں کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے سود خور کی دھمکیوں، مقدمے کی گواہی سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ، بدمعاشی و ہراسانی اور گروی مکان کی رقم میں خوردبرد سمیت مختلف شکایات پیش کیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں کی شکایات پر ایس ایچ اوز نشتر کالونی اور کاہنہ کو شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بدمعاشی اور ہراسانی کی شکایت پر ایس ایچ او ہنجروال کو شواہد کی روشنی میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا، جبکہ گروی مکان کی رقم میں خوردبرد اور تشدد کی شکایت پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر بروقت قانونی کارروائی اور داد رسی یقینی بنائی جائے۔ دھمکیوں اور ہراسانی کا سامنا کرنے والے شہریوں کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا قانونی حل یقینی بنانا ہے۔ شہری روزانہ دوپہر ایک سے تین بجے تک کھلی کچہری میں اپنی شکایات پیش کر سکتے ہیں۔













