لاہور(پنجاب پوسٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان اور اراکینِ پارلیمنٹ کے نام ایک اہم خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پر مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
خط میں حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ پارلیمان قانون سازی کے ذریعے لیوی مقرر کرنے کا اختیار حکومت سے واپس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے لیوی کی حد مقرر کرنے کا اختیار حکومت کو دے کر اپنے آئینی کردار کو کمزور کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے تمام جماعتیں مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے باعث خوراک، زراعت، ٹرانسپورٹ اور صنعت جیسے اہم شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس کا براہِ راست بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے۔ خط کے متن کے مطابق غیر ضروری حکومتی اخراجات اور مالیاتی بے ضابطگیاں ختم کر کے پٹرولیم لیوی میں کمی کے اثرات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ صوبے میں پہلے ہی غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔ ان کے مطابق گورنر راج اور 12 اضلاع میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ سے سیاسی بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبے کے مسائل آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے مطابق حل کیے جائیں اور آئینی و جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے تمام جماعتیں متحد ہوں۔
خط میں پارلیمانی جماعتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے، مہنگائی میں کمی اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ایک پلیٹ فارم پر آئیں۔











