لاہور(پنجاب پوسٹ)نیشنل گرڈ پاکستان اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) پنجاب کے درمیان پاور سیکٹر میں فنی مہارتوں کے فروغ اور عالمی معیار کی افرادی قوت تیار کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔ اس اشتراک کا مقصد تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانا اور نوجوانوں کے لیے تربیت و روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
لاہور میں ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران نیشنل گرڈ پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک اور چیئرمین ٹیوٹا پنجاب بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت قابلیت پر مبنی تربیت، نصاب کی تیاری، تربیت فراہم کرنے والوں کی تربیت، دورانِ ملازمت تربیت، انٹرن شپ اور صنعتی دوروں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایم ڈی نیشنل گرڈ انجینئر الطاف حسین ملک نے کہا کہ تربیت اور مہارتوں میں اضافہ ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ حفاظتی کلچر اور عملی مہارتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اشتراک کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔
چیئرمین ٹیوٹا پنجاب نے اس شراکت داری کو تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان فاصلے کم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے دونوں اداروں کو فائدہ ہوگا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔











