لاہور (پنجاب پوسٹ) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے موٹر سائیکلوں کے سفر کو محفوظ بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب کو خط لکھ دیا ہے، جس میں موٹر سائیکلوں میں سائیڈ ویو مررز کی مستقل تنصیب کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط کے مطابق شہرِ لاہور میں 62 فیصد حادثات لین تبدیل کرتے وقت پیچھے نہ دیکھنے اور مناسب سگنل نہ دینے کے باعث رونما ہوئے۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ سائیڈ ویو مررز کے بغیر موٹر سائیکل چلانا حادثات کا خطرہ بڑھا دیتا ہے، جبکہ مررز کی مستقل تنصیب سے پیچھے اور اطراف سے آنے والی ٹریفک کو دیکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ماڈل روڈز پر 97 فیصد جبکہ دیگر روڈز پر 88 فیصد سے زائد موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہننا شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا: "ہیلمٹ کے ساتھ ساتھ اب سائیڈ ویو مررز لازم ہیں۔”لاہور ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کے لیے مناسب مینوفیکچرنگ اسٹینڈرڈز متعارف کروانے کی تجویز دی ہے۔ اس کے تحت مرر کا راڈ موٹر سائیکل میں مستقل نصب کیا جائے جبکہ صرف مرر کو ڈی ایٹچبل (الگ ہونے والا) بنایا جائے۔
خط میں مررز اتارنے والوں کی حوصلہ شکنی پر بھی زور دیا گیا ہے۔سی ٹی او لاہور نے متعلقہ حکام اور موٹر سائیکل مینوفیکچررز سے مشاورت کی درخواست کی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر حادثات اور جانی نقصان میں کمی لانا ہے۔











