لاہور( پنجاب پوسٹ) لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائرڈ غیر ملکی خوراک کی بھاری کھیپ ضبط کر لی اور جعلسازی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ رانا نے ٹاؤن کے ایک گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے تینتیس ہزار سات سو پچاس کلوگرام غیر ملکی ایکسپائرڈ مصنوعات برآمد کی گئیں۔
کارروائی کے دوران گیارہ ہزار ایک سو لیٹر جوس اور سیرپ، دو ہزار اٹھاسی کلو دودھ پاؤڈر، تین سو دس لیٹر جیلی، دو ہزار کلو جام، تین ہزار دو سو کلو ویفلز سمیت دیگر اشیاء ضبط کی گئیں۔ حکام کے مطابق تین روز کی مسلسل ریکی کے بعد گودام کا سراغ لگا کر کارروائی کی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق معروف غیر ملکی کمپنی کی ایکسپائرڈ مصنوعات کے لیبل تبدیل کر کے مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی تھیں، جس سے فوڈ فراڈ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریٹیل سے لے کر ڈسٹریبیوشن اور ہول سیل سطح تک سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ خوراک میں جعلسازی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں اور ان کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، جبکہ ایسے کاروبار مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔















