لاہور(پنجاب پوسٹ)رائیونڈ میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے۔ یونین کونسل 272 میں سروے کے دوران دو خالی پلاٹوں میں جمع پانی کی نکاسی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا مقصد علاقے میں پانی جمع ہونے کے مسئلے کو حل کرنا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ بابر علی رائے نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ موسم سرما سے قبل تمام خالی پلاٹوں کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خالی پلاٹوں میں پانی جمع ہونے سے نہ صرف نکاسی آب کا نظام متاثر ہوتا ہے بلکہ علاقے میں گندگی اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے، اس لیے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تبلیغی اجتماع سے قبل تحصیل رائیونڈ میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سروے کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور جہاں بھی پانی جمع ہو وہاں فوری طور پر نکاسی کا انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں اور اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔













