لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کی قیادت میں لاہور کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری خوراک کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ٹیموں نے 8 فوڈ یونٹس پر چھاپے مارے، جن میں سے 6 کو بند کر دیا گیا جبکہ 3 کو مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
کارروائی کے دوران 500 کلو چکن کٹس، تھائی پیس، لیگ اور مکس گوشت تلف کیا گیا۔ سمن آباد، اقبال ٹاؤن اور مرغزار میں ڈیری یونٹس جبکہ علی ٹاؤن میں معروف کیش اینڈ کیری سٹور بند کیا گیا۔ رائیونڈ روڈ پر واقع کولڈ سٹور اور نشتر میں ایک معروف بیکری کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق کولڈ سٹور میں زائد المیعاد چکن، مچھلی، جھینگے، قیمہ اور پنیر موجود تھے، جبکہ تازہ گوشت کے ساتھ زائد المیعاد چکن بھی رکھا گیا تھا۔ قوانین کے برخلاف زائد المیعاد اشیاء تلف کرنے کے لیے الگ جگہ مختص نہیں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ملازمین کے میڈیکل مکمل نہیں تھے اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس موجود نہیں تھے۔ یونٹس میں حشرات کی روک تھام کے مناسب انتظامات نہیں تھے، جبکہ سٹوریج ایریا میں ٹوٹے فرش اور تعفن زدہ ماحول پایا گیا۔
منصور احمد نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو خبردار کیا کہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی گنجائش نہیں اور خوراک کے نام پر انسانی صحت کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔













