سرگودھا (پنجاب پوسٹ) خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان پر سرگودھا میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے زبردست جشن منایا۔ شہر کے مختلف مقامات پر خوشی کے مناظر دیکھنے میں آئے، جبکہ کارکنوں نے اس اقدام کو ملک میں امن و امان کے قیام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
سرگودھا کے چوک شربت والا میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن بڑی تعداد میں جمع ہوئے، جہاں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور خوشی کا اظہار کیا گیا۔ کارکنوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور فضا نعروں سے گونجتی رہی۔
اس موقع پر تاجروں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے مل کر مٹھائیاں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ شرکا نے "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ڈھول کی تھاپ پر قائدِ مسلم لیگ (ن) نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حق میں بھی نعرے بازی کی گئی۔
جشن کے دوران کارکنوں نے "دہشت گردی مردہ باد” اور "دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے مردہ باد” کے نعرے بھی لگائے، جس سے ان کا دہشت گردی کے خلاف عزم ظاہر ہوتا تھا۔
سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں نے اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اب ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مدد ملے گی۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔











